Urdu Manzil


Forum
Directory
Overseas Pakistani
 

ایوب خاور

بات یہ تیرے سوا اور  بھلا کس سے کہیں

تو جفا کار  ہوا ہے ،تو وفا  کس  سے  کریں

آئینہ   سامنے  رکھیں  تو   نظر   تُو    آئے

تجھ سے جو بات چھپانی ہو بھلا کس سے کہیں

زلف ، سے چشم و لب ورخ سے کہ تیرے غم سے

بات یہ ہے کہ دل و جاں کو رہا کس سے کریں

تو نہیں ہے توپھر اے حسن ِ سخن ساز بتا

اس بھرے شہر میں ہم جیسے ملا کس سے کریں

ہاتھ الجھے ہوئے ریشم میں پھنسا بیٹھے ہیں

اب بتا کون سے دھاگے کوجدا کس سے کریں

تُو نے تو اپنی سی کرنی تھی سو کر لی خاور

مسئلہ یہ ہے کہ ہم اس کا گلہ کس سے کریں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یوں سر شا م تری یاد میں آنسو نکل آئے

جس طرح وادیِ پُر خار میں آہو نکل آئے

ہا تھ میں ہاتھ لئے تیرے خد وخال کے ساتھ

جانے کب آئینہِ جاں سے لبِ جو نکل آئے

دل کی چوکھٹ سے لگا بیٹھا ہےتنہائی کا چاند

اور اچانک کسی جانب سے اگر تو نکل آئے

برف کے ریزوں کی صورت جو نظر آتے ہیں داغ

یہ تیرے ہجر کےدکھ ہیں جو سر مو نکل آئے

وہ جو بے شاخ شجر تھے ترے رستے کا غبار

تو  نظر  آیا  تو ہر ایک کے بازو  نکل آئے

تو نہیں تھا تو یہ دل اپنی جگہ تھا کسی طور

تو  ملا  ہے  تو  کئی  ضبط  کے  پہلو نکل آئے

خاور اس شخص کی اک اور صفت بھی ہے عجیب

جس کو چھو جائے اسی سنگ سے خوشبو نکل آئے

ایوب خاور

سات سروں کا  بہتا  دریا  تیرے  نام

ہر سر میں ہے رنگ دھنگ کا تیرے نام

جنگل جنگل  اُڑنے والے  سب موسم

اور ہوا  کا  سبز  دوپٹہ   تیرے  نام

جتنے خواب خدا نے میرے نام لکھے

ان خوابوں کا ریشہ ریشہ تیرے نام

تیرے بنا جو عمر بتائی، بیت گئی

اب اس عمر کا باقی حصّہ تیرے نام

ان شاعر آنکھوں نے جتنے رنگ چنے

ان کا عکس ہے میرا چہرہ ، تیرے نام

دکھ کے گہرے نیلے سمندر میں خاور

اس کی آنکھیں ایک جزیرہ،تیرے نام

ایوب خاور

ریشم و اطلس و کم خواب  نہ زر مانگتے ہیں

ہم تو بس تجھہ سے فقط رزق نظر مانگتے ہیں

دیدہ و دل کی یہ ضد بھی ہے عجب، دیکھے تو

کوئے جاناں کی طرف اذِنِ سفر مانگتے ہیں

وہ جو پڑنے نہیں دیتے تھے پروں پر پانی

اب وہ اڑنے کے لئے بال نہ پر مانگتے ہیں

ہم تو وہ ہیں کہ جنہیں کاٹ رہے ہوتے ہیں

انہیں اشجار سے ہی برگ و ثمر مانگتے ہیں

یہ جو انصاف طلب لوگ کھڑے ہیں صاحب

کیا کریں آپ سے اب آپ کا سر مانگتے ہیں

یہ دریچے مری آنکھوں کے دریچے خاور

رخ جاناں کی جھلک بار دگر مانگتے ہیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

Blue bar

CLICK HERE TO GO BACK TO HOME PAGE