Urdu Manzil


Forum
Directory
Overseas Pakistani
 

مسعود حسین خان

تیرے کھونے کا کس قدر غم ہے

آج  عالم تمام   مبہم   ہے

دیکھتا ہوں نظر نہیں آتا

کیسا نیرنگِ چشمِ پر نم ہے

درد ٹھہرا ہوا سا ہے دل میں

سوزش غم بھی آج کم کم ہے

کتنی ویرانیاں ہیں آنکھوں میں

کتنا پیروں میں رقصِ پیہم ہے

دیدہ و دل بچھے سے جاتے ہیں

کیسی غم ناک شامِ ماتم ہے

تم نے مسعود کو بھی دیکھا ہے

وہ تو افسردگی مجسم ہے

۔۔۔۔۔۔

عشق میں اضطراب رہتا ہے

جی نہایت  خراب  رہتا ہے

خواب سا کچھ خیال ہے لیکن

جان پر اک عذاب رہتا ہے

تشنگی جی کی بڑھتی جاتی ہے

سامنے اک سراب رہتا ہے

مرحمت کا تری شمار نہیں

درد بھی بے حساب رہتا ہے

تیری باتوں پہ کون لائے دلیل

دل ہے سو لاجواب رہتا ہے

 

Blue bar

CLICK HERE TO GO BACK TO HOME PAGE