|
شاہدہ لطیف خواب جاگے ہیں تو تعبیر بدل ڈالی ہے رنگ بھرتے ہوئے تصویر بدل ڈالی ہے جس کے ہلتے ہی کبھی عدل کے در کھلتے تھے کس نے آ کر وہی زنجیر بدل ڈالی ہے جس سے کترا کے گزر جائیں گلابی لمحے ہم نے وہ صورت دل گیر بدل ڈالی ہے اس کی بنیاد میں اک لفظ محبت رکھ کر ہم نے اس شہر کی تعبیر بدل ڈالی ہے اتنا روئی ہوں کہ دن رات میں اب فرق نہیں نسبتِ نا لہء شب گیر بدل ڈالی ہے جس کو پڑھ کر کوئی تصویر تمہاری دیکھے میں نے ماتھے سے وہ تحریر بدل ڈالی ہے یہ میری سوچ کے جذبوں کا ثمر ہے شاید لب پہ اترے ہیں تو تاثیر بدل ڈالی ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تھاما جو اس نے ہاتھ تو موسم نکھر گیا آنکھوں کے راستے مرے دل میں اتر گیا میں اس کے ساتھ ساتھ بڑی دور تک چلی وہ اجنبی تو روح میں خوشبو سی بھر گیا دن رات اس کو سوچنا معمول ہے مرا وہ خواب خواب نیند میں ایسے اتر گیا میں اس کو سوچ سوچ کے پتھر سی ہو گئی جانے وہ کس طرح سے جادو سا کر گیا باتیں ہزار سوچ کے میں شاہدہ چلی پر اس کے سامنے مرا سارا ہنر گیا |