Urdu Manzil


Forum
Directory
Overseas Pakistani
 

فرحت پروین

صبیحہ صبا کے ساتھ ایک شام

جاتی سردیوں کی ایک خوشگوار خنک شام کو نرم و ملائم شخصیت، شیریں آواز اور دھیمے لہجے والی صبیحہ صبا کی موجودگی نے مزید دل آویز بنا دیا تھا۔

صبیحہ صبا پانچ شعری مجموعوں کی خالق ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا ایک بڑا معتبر حوالہ اردو ادب کی سب سے بڑی سائٹ اردو منزل ڈاٹ کام ہے۔ وہ برسوں سے ایک لگن اور جذبے کے ساتھ اردو ادب کی باتصویر تاریخ مرتب کر رہی ہیں۔

گو صبیحہ کے پاس وقت کم تھا اور وہ ہزار عذر کرتی رہیں مگر یہ کیسے ممکن تھا کہ وہ لاہور آئیں اور ادبی برادری سے ملے اور مجھے میزبانی کے شرف سے محروم کر کے چلی جائیں۔ سو میں نے ہنگامی بنیادوں پر ان کے اعزاز میں جم خانہ میں عشائیے کا اہتمام کر ڈالا۔ یوں مدعو تو پوری ادبی برادری تھی لیکن صرف ایک دن کے نوٹس پر جتنے لوگ آ سکتے تھے، آئے۔ آخر انہیں بھی تو صبیحہ صبا کو ملنے کا اشتیاق تھا۔ خواتین نے اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی اور محبت کا مظاہرہ کیا۔ ادبی حلقے سے متعلق 90فیصد خواتین نے شرکت کی اور قلم کاروں سے اپنی دلچسپی کا عملی ثبوت دیا۔ بلا شبہ اس میں صبیحہ کی اپنی شخصیت کا بھی دخل تھا۔

جناب شہزاد احمد کی صدارت میں صوفیہ بیدار نے نظامت کے فرائض سنبھالے۔ عطیہ سید مہمان خصوصی قرار دی گئیں۔ شہزاد احمد، شفیق سلیمی، اسلام عظمی، اعجاز رضوی،صغرا صدف، عطیہ سید، سلمیٰ اعوان اور فرحت پروین نے صبیحہ صبا کے فن و شخصیت پر اظہار خیال کیا۔

اس کے بعد صبیحہ صبا سے ان کا کلام سننے کی فرمائش کی گئی۔ نرم رو ندی جیسے رواں اور دھیمے لہجے اور ان کی آواز کی موسیقیت نے ان کے کلام کے حسن میں اضافہ کیا۔ حاضرین نے ہر ہر مصرعے اور شعر پر بھرپور داد دی۔ ہنوز تشنگی باقی تھی کہ ڈنر کا اعلان کر دیا گیا۔

اور یوں صبیحہ صبا کے نام یہ خوبصورت شام اپنی تکمیل کو پہنچی۔

 

Blue bar

CLICK HERE TO GO BACK TO HOME PAGE