Urdu Manzil


Forum

Directory

Overseas Pakistani

 

حسین سحر

نعت 

صلی اللہ علیہ وسلم

جمالَ جلوہ ء دارین د یکھیں

حریمِ خواجہء کونین د یکھیں

کریں شہر محمد کا تصور

اگر دل کو کبھی بے چین دیکھیں

جو چاہیں باغ جنت کی زیارت

در و منبر کے وہ مابین دیکھیں

جو چاہیں دیکھنا تاجِ شہی کو

وہ ان کے پاؤں کے نعلین دیکھیں

سحر فکرو نظر کی روشنی کو

در پاکِ شہ کونین دیکھیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ثنا گروں میں جو ان کے شمار ہو جائے

تو ہم پہ رحمتِ پروردگار ہو جائے

رواں جو ان کی سواری ہو جانبِ معراج

تو کہکشاں  بھی سفر کا غبار ہو جائے

کوئی جو نام پکارے حضور کا دل سے

بھنور میں ڈوبتی کشتی بھی پار ہو جائے

جو چشمِ رحمت عالم کا اک اشارا ہو

علاجِ گردشِ لیل و نہار ہو جائے

نہیں ہے کوئی بھی شے آپ کے لئے مشکل

جو آپ چاہیں خزاں میں بہار ہو جائے

ملے جو آپ کے نقشِ قدم کی خاک کہیں

یہ دل یہ جاں مری اس پر نثار ہو جائے

بھلا کہاں وہ غریب الوطن رہے گا کبھی

کہ جس کا شہر محمد دیار ہو جائے

جو آنکھ گنبد خضرا کو دیکھ لے اک بار

بصارت اس کی سحر بے کنار ہو جائے

 

Blue bar

CLICK HERE TO GO BACK TO HOME PAGE