Urdu Manzil


Forum
Directory
Overseas Pakistani
 

کاشف حسین غائر

آنکھ اٹھتی ہوکوئی جیسے مدینے کی طرف

آسماں دیکھتا رہتا ہے مدینے کی طرف

سب کو خوش آتی ہے دربار محمد کی فضا

مرنے والے بھی چلے آتے ہیں جینے کی طرف

کھینچتی ہے مجھے سرکارِ دوعالم کی کشش

اٹھتے جاتے ہیں مرے پاؤں مدینے کی طرف

آپﷺ رستہ ہیں وہی آپ وسیلہ ہیں وہی

جو ہمیں لے کے چلے خلد کے زینے کی طرف

دیکھ سیلاب ِ بلا ان کے غلاموں کا مقام

خودکنارا چلا آتا ہے سفینے کی طرف

ایک مدت سے مرا دھیان لگا ہے غائر

ان کی رحمت کی طرف ان کے خزینے کی طرف

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایسا نہیں کہ دھیان جفا تک نہیں گیا

تم سے ملے بغیر رہا تک نہیں گیا

کیا رنگ تھے جو ہم سے سمیٹے نہیں گئے

کیا خواب تھا جو ہم سے لکھا تک نہیں گیا

اک قہقہوں کی گونج  تھی جو گونجتی رہی

اک دل کا شور تھا جو سنا تک نہیں گیا

آئی ہوا خود آپ بجھانے چراغ کو

کوئی چراغ لے کے ہوا تک نہیں گیا

کیا آگ تھی کہ جس میں سلگتے رہے ہیں ہم

کیا رنج تھا جو ہم سے کہا تک نہیں گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

خواب کی جادو گری رہتی ہے

نیند آنکھوں میں بھری رہتی ہے

جیسے رہتا ہی نہیں ہوں میں یہاں

اک عجب بے خبری رہتی ہے

ہم خیالوں میں سفر کرتے ہیں

ہمسفر دربدری رہتی ہے

دل ہے وہ آئینہ خانہ جس میں

اک عجب عکس گری رہتی ہے

خشک ہو جاتے ہیں پتے لیکن

شاخ امکاں تو ہری رہتی ہے

روح کے زخم کہاں بھرتے ہیں

عمر بھر چارہ گری رہتی ہے

ختم ہوتا ہے کہاں کار جہاں

اک نہ اک دردِسری رہتی ہے

 

Blue bar

CLICK HERE TO GO BACK TO HOME PAGE