خالد بزمی
نعت
محمد مصطفٰے نے کس قدر اعجاز فرمایا
شتر بانوں کو سلطانی سے سر افراز فرمایا
جو صدیوں سے جہالت کے اندھیروں میں بھٹکتی تھی
حضور پاک نے اس قوم کو ممتاز فرمایا
کوئی ان کی محبت کا کرے انکار تو کیسے
جنہوں نے ہر عداوت کو نظر انداز فرمایا
جب اپنے دشمنوں کو بخش دینا غیر ممکن ہے
حضور پاک نے اس رسم کا آغاز فرمایا
جو اہل فلسفہ کی عقل کی سرحد سے باہر تھا
عرب کے ایک امیّ نے عیاں وہ راز فرمایا
انہی کے واسطے یہ محفل ہستی مزین ہے
خدا نے اک بشر کا کس قدر اعزاز فرمایا
کسی کو آپ کے رتبے کا اندازہ بھی کیسے ہو
جنہوں نے عرش کو بھی فرش پا انداز فرمایا
کسی انساں کی عظمت اس سے بڑھ کے کیا ہو اے بزمی
خدا نے آپ کے اخلاق پہ خود ناز فرمایا
|