بھٹکل مسلم جماعت منطقہ
شرقیہ کا ورائیٹی شو
رپورٹ : میم شین کاملؔ، الدھران، سعودی عرب
(الدھران مورخہ 6 اکتوبر 2011ئ) الخبر کے فائیو اسٹار ہوٹل دھران
انٹرنیشنل ہوٹل میں عید کی مناسبت سے ایک ورائیٹی پروگرام کا انعقاد کیا
گیا۔ جس میں پاکستان کے بین الاقوامی نامور مزاحیہ اداکار شکیل صدّیقی اور
ان کے ساتھی چاندپوری کو بطورِ خاص بلوایا گیا تھا۔ باصل بھٹکل ، فاروق
بھٹکل، محمّد علی بھٹکل اور منطقہ شرقیہ بھٹکل مسلم جماعت کے صدر قاضی یونس
بھٹکل نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ یہ جماعت اپنی کمیونٹی کے لئے مذہبی،
فلاحی اور تفریحی تقاریب کا انعقاد کراتی رہتی ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مشہور مزاح نگار ڈاکٹر عابد علی اور ڈاکٹر فرّار
بھٹکلی تھے۔ تقریب میں پاکستان اور ہندوستان سے تعلق والوں میں خواتین،
بچوں اور بڑوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جو پاک و ہند میں شکیل صدیقی کی
مقبولیت کا بیّن ثبوت ہے ۔ پریس اور ٹی وی چینلز کے نمائندوں نے بھی شرکت
کی۔ نظامت کے فرائض رحمٰن اختر نے انجام دیئے۔ کامیڈین شکیل صدیقی نے لوگوں
کو اپنے چٹکلوں سے کافی ہنسایا جبکہ ایک شعبدہ باز منور نے اپنے کمالات
دکھاکر سامعین کو حیران و پریشان کردیا۔ ممبئی سے تشریف لائے ہوئے شیلنجر
نے پیروڈی سناکر سامعین کے دل موہ لئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عابد علی نے مزاح
پلس کے دو شمارے، ایّوب صابر نے دریچہ ظرافت اور منشاء طاہر نے اپنا شمارہ
دی ٹیلنٹ انٹرنیشنل پیش کیا۔
تقریب کے آخری حصّے میں لکی ڈرا کیا گیا جس کا پہلا انعام جوّاد بھٹکلی نے
سامسنگ کا TV LED 42 جیتا۔ دوسرے اور تیسرے انعامات میں اکائی کا TV LED 32
اور Black Berry فون تھا۔ انعامات کی قرعہ اندازی شکیل صدیقی کے ہاتھوں
انجام پائی۔
تقریب کے آخر میں شکیل صدیقی نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے اس
پروگرام میں بلایا سب سے ملاقات کرنے اور پرفارم کرنے کا موقع دیا۔ سب سے
بڑھ کر یہ کہ انھیں اس دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔
شکیل صدّیقی نے حاضرین کو اپنے مخصوص انداز میں اتحاد اور یکجہتی کا بڑا
موثر پیغام بھی دیا۔ آخر میں بھٹکل مسلم جماعت کی جانب سے شکیل صدیقی کو
شال پیس کی گئی۔
|