Urdu Manzil


Forum
Directory
Overseas Pakistani
 

مسرت افزاء روحی

لہو میں غم کی رعنائی بہت ہے

کہ زخموں میں شناسائی بہت ہے

کرن اک آرزو کی ڈھونڈ لاؤ

شبِ ہجراں میں تنہائی بہت ہے

کیا کیوں آب وگل کا یہ تماشہ

تجھے شوق ِخود آرائی بہت ہے

سر ِساحل سفینے غرق کیوں ہیں

سمندر میں تو گہرائی بہت ہے

ستانا چھوڑ دوآشفتگاں کو

انہیں جذبوں کی رعنائی بہت ہے

نصابِ آذری پتھر ہی لکھنا

کہ پتھر سے شناسائی بہت ہے

بہ نوک ِ خار روحی گل کھلا ہے

مگر اس میں بھی رعنائی بہت ہے

مسرت افزاء روحی

کیسا الفت کا صلہ دیتے ہو

روز اک زخم نیا دیتے ہو

بات کرتے ہو قرینے سے مگر

شعلہ جاں کو ہوا دیتے ہو

تم نے دیکھے نہیں پتھر کے صنم

پھر بھی بت خانہ بنا دیتے ہو

کسی آذر نے تراشا ہے وہ دل

جس کو دھڑکن کی سزا دیتے ہو

جب بھی گلشن سے گزرہوتا ہے

خار گلشن میں بجھا دیتے ہو

ہے ستم دستِ طلب سے پہلے

سنگ درسے ہی اٹھادیتے ہو

مسرت افزاء روحی

نہ جانے کونسی رُت کا عذاب باقی ہے

فضا ٘ میں حبس کا رقصِ عتاب باقی ہے

خزاں سے کہہ دو کسی اور جا قیام کرے

کہ شاخ گل پہ ابھی تک گلاب باقی ہے

مجھے زمانہ شناسی کا فن نہیں آتا

مری خودی میں انا کا شباب باقی ہے

کہو تو لوٹ بھی آئیں گے ہم تری خاطر

محبتوں کا ابھی کچھ حساب باقی ہے

دعاءے نیم شبی اب قبول ہو کہ نہ ہو

ابھی تو پچھلے پہر کا عذاب باقی ہے

کہیں تو چارہ گری کا ہنر ملے روحی

شعور نو میں مضامیں کا باب باقی ہے

 

Blue bar

CLICK HERE TO GO BACK TO HOME PAGE